نئی دہلی، 26 جولائی (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) چیئرمین رما دیوی کے خلاف تبصرہ پر ایس پی رکن اعظم خان کے خلا ف مثال پیش کرنے والی کارروائی کرنے کے لئے لوک سبھا اسپیکر اوم برلا کو با اختیار بنانے کے لئے لوک سبھا ایک قرارداد منظور کر سکتی ہے۔ ذرائع نے جمعہ کو کہا کہ مختلف جماعتوں کے رہنماؤں کی رائے ہے کہ یہ پیغام جانا چاہئے کہ خواتین کے وقار اور احترام کو ٹھیس پہنچانے والی اس طرح کی کارروائی کے تئیں لوک سبھا کا رویہ قطعی برداشت کرنے والا نہیں ہے۔ پارلیمانی امور کے وزیر پرہلاد جوشی تجویز پیش کر سکتے ہیں اور مختلف پارٹیوں کے لیڈر اس کی حمایت کر سکتے ہیں۔ اس سے پہلے لوک سبھا میں بی جے پی، کانگریس، ترنمول کانگریس، این سی پی سمیت تمام جماعتوں نے جمعرات کو چیئرمین رما دیوی کے بارے میں اعظم خاں کے تبصرہ کی پارٹی لائن سے ہٹ کر سخت مذمت کی اور اسپیکر سے اس معاملے میں ’سخت‘کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔ اس معاملے پر وقفہ صفر میں ایوان زیریں میں مختلف جماعتوں کی خواتین ارکان پارلیمنٹ سمیت پارٹیوں کے لیڈروں نے اپنی بات رکھی۔ لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے مختلف جماعتوں کے لیڈروں اور ارکان کی اس مسئلے بات سننے کے بعد آخر میں کہا کہ وہ تمام جماعتوں کے رہنماؤں کے ساتھ ملاقات کر اس بارے میں کوئی فیصلہ کریں گے۔